حیدرآباد۔11۔دسمبر (اعتماد نیوز)قومی صدر مقام نئی دہلی میں ہنوز سیاسی
کشمکش جاری ہے۔حالیہ انتخابات میں سب سے زیادہ نشستوں کو حاصل کرنے والی بی
جے پی یا پہلی مرتبہ بڑے پیمانہ پر کامیابی حاصل کرنے والی جماعت عام آدمی
پارٹی دونوں میں سے کسی ایک نے بھی حکومت کو قائم کرنے میں اپنی دلچسپی
ظاہر نہیں کی ہے۔کل مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہا کہ انہیں صدر
راج کے نفاذ پر لفٹننٹ گورنر کی جانب سے کوئی پہل نہیں
ہوئی۔چنانچہ اگر کسی
بھی جماعت کی جانب سے حکومت قائم نہ کئے جانے کی صورت میں لفٹننٹ گورنر
صدر راج کے نفاذ کے ساتھ اندرون چھ ماہ بعد انتخابات منعقد کرینگے۔عام
آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجرال نے کل بھی واضح کر دیا کہ وہ ہر گز
بی جے پی کی تائید کرینگے اور نہ ہی کانگریس کی۔انہوں نے کانگریس سے باہر
سے تائید کرنے کے امکان کو بھی مسترد کر دیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان
دونوں جماعتوں نے بھی اپوزیشن میں بیٹھنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔